کراچی: منی بس کی موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق، ایک زخمی
کراچی میں ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
ڈان نیوز کے مطابق افسوسناک حادثہ ڈرگ روڈ انڈر پاس میں پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ 2 موٹرسائیکلوں پر سوار افراد کو مزدا منی بس نے ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، ایک خاتون زخمی بھی ہوئیں۔
ریسکیو کی جانب سے میتوں اور زخمی خاتون کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ مرنے والے ایک شخص کی شناخت حارث، دوسرے کی شعیب جب کہ زخمی خاتون کی شناخت نائلہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ تھانہ شاہراہ فیصل کی حدود میں پیش آیا جس میں ہلاکتیں بتائی جارہی ہیں، ہلاکتوں کی تصدیق ہسپتال ذرائع کر سکتے ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مزدا گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس وجہ سے راہ گیر شدید زخمی ہوئے اور ان کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مزدا ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا ہے اور گاڑی تحویل میں ہے۔