پی سی بی کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتانوں کی تبدیلی کی تردید
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شان مسعود کو ٹیسٹ اور محمد رضوان کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کی خبروں کی سختی سے تردید کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پی سی بی کی جانب سے گزشتہ روز گردش کرنے والی خبروں سے متعلق وضاحتی بیان جاری کیا گیا۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں ترجمان پی سی بی نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی کہ کرکٹ بورڈ شان مسعود کو ٹیسٹ اور محمد رضوان کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے پر غور کر رہا ہے۔
ترجمان پی سی بی نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ون ڈے کے لیے محمد رضوان کی جگہ سلمان علی آغا کو کپتان بنانے اور ٹیسٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود کی جگہ سعود شکیل کو دینے غور نہیں کر رہا ہے۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ تاحال نہ تو سلیکشن کمیٹی میں یہ معاملہ زیر غور آیا ہے اور نہ ہی کسی پلیئر کے کنٹریکٹ کی کیٹیگری تبدیل کی گئی ہے، اس حوالے سے تمام تر خبریں بے بنیاد ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ذرائع نے یہ خبر دی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کی دونوں فارمیٹس میں کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، حتمی فیصلہ آئندہ ماہ ہونے کا امکان ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ 2025 کھیلنے کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانگی سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور میں سلیکشن کمیٹی، ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید اور ٹی 20 فارمیٹ کے موجودہ کپتان سلمان علی آغا کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں فارمیٹس کے لیے نئے کپتانوں کے مستقبل کے حوالے سے گفتگو اور ون ڈے ٹیم کے موجودہ کپتان محمد رضوان کی کارکردگی زیر بحث آئی۔
خیال رہے کہ بابر اعظم کے استعفیٰ کے بعد نومبر 2023 میں شان مسعود کو قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ فارمیٹ کا کپتان مقرر کیا گیا تھا جب کہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی 20 فارمیٹ میں قیادت سونپی گئی تھی۔
شان مسعود کی قیادت میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم نے 10 میچز کھیلے، 8 میں قومی ٹیم کو شکست ہوئی جب کہ 2 میچز میں پاکستان نے فتح اپنے نام کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اکتوبر 2024 میں شاہین شاہ آفریدی کو ٹی 20 کی کپتانی سے ہٹا کر محمد رضوان کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا تھا۔
وکٹ کیپر محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان نے 12 ون ڈے میچز کھیلے، جس میں سے گرین شرٹس کو 8 میں فتح جب کہ 4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ٹی 20 میں قومی ٹیم نے رضوان کی قیادت میں 4 میچز کھیلے، چاروں میں ہی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔