دنیا

ڈونلڈ ٹرمپ کا پاک-بھارت سمیت 7 جنگیں رکوانے کا دعویٰ

پاکستان اور بھارت میں جوہری جنگ بھی شروع ہوسکتی تھی، میں نے پاک-بھارت جنگ مداخلت کر کے رکوائی، وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک-بھارت جنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ اب تک 7 جنگیں رکوا چکے ہیں۔

بھارتی روزنامے ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے اپنی ان جنگوں کی فہرست میں ایک اور جنگ کا اضافہ کردیا جن کے بارے میں وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے یہ جنگیں روکی ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ ان میں سے چار جنگوں کو انہوں نے تجارتی محصولات کو ترغیب کے طور پر استعمال کرتے ہوئے روکا، ان جنگوں کی فہرست اب تک 6 پر برقرار رہی تھی۔

ان میں پاک-بھارت جنگ بھی شامل ہے جس کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے ’ ممکنہ جوہری جنگ کو روکا۔’

امریکی صدر نے پاک-بھارت جنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک-بھارت جنگ میں 7 طیارے گرے تھے، پاکستان اور بھارت میں جوہری جنگ بھی شروع ہوسکتی تھی، میں نے پاک بھارت جنگ مداخلت کرکے رکوائی۔

انہوں نے کہا کہ تجارت کے بدلے مدد کی پیشکش پرپاک-بھارت جنگ رکوائی، صاف کہا تھاکہ پاکستان اور بھارت لڑتے رہے تو امریکا تجارت نہیں کرےگا۔

پیر کے روز، انہوں نے اس فہرست میں، ایک بار پھر، جاری روس-یوکرین جنگ کا اضافہ کیا جس کی وہ فی الحال ثالثی کر رہے ہیں، لیکن پھر وہ ’روکا ’ سے ’ حل کیا ’ کی طرف بڑھ گئے۔

انہوں نے اپنی حالیہ ثالثی ملاقاتوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’ میں نے سوچا تھا کہ جو سات ( جنگیں) ہم نے ’ حل’ کی ہیں، ان میں سے یہ سب سے آسان ہوگی، لیکن آپ کبھی نہیں جانتے کہ جنگ میں کیا ہوتا ہے۔’