پاکستان میں موبائل سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کےخلاف 3 سال میں 65 ہزار شکایات موصول ہونے کا انکشاف
پاکستان میں موبائل فون سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے خلاف گزشتہ تین سالوں میں مجموعی طور پر 65 ہزار 846 شکایات موصول ہوئی ہیں، جن میں سب سے زیادہ 39 ہزار 736 شکایات موبائل ڈیٹا سروس سے متعلق تھیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی رپورٹ کے مطابق صارفین کی جانب سے سالانہ تقریباً 21 ہزار 900 شکایات موصول ہوئی ہیں۔
سروس بندش اور لوڈشیڈنگ سے متعلق 8 ہزار 890 شکایات درج کی گئیں، جب کہ کوریج کے مسائل پر 7 ہزار 941 شکایات آئیں اور سروس کے معیار سے متعلق بھی 9 ہزار 279 شکایات موصول ہوئیں۔
پی ٹی اے نے ناقص سروس پر ٹیلی کام کمپنیوں کو متعدد بار وارننگ لیٹرز اور شوکاز نوٹس جاری کیے اور گزشتہ تین سالوں میں 438 کوالٹی آف سروس سروے بھی مکمل کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 65 ہزار 846 میں سے 65 ہزار 528 شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے، جس کے ساتھ ہی پی ٹی اے نے 99.51 فیصد شکایات حل کرنے کی کامیابی حاصل کی ہے۔