پاکستان

حکومت کا سول آرمڈ فورسز کے شہدا پیکیج میں 233 فیصد تک اضافے کا فیصلہ

اضافے کے بعد سول آرمڈ فورسز کے سیکیورٹی پیکیج کا کم سے کم معاوضہ 30 لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ روپے ہوجائے گا، وزیراعظم نے سمری کابینہ سے منظور کرانے کی اجازت دیدی۔

حکومت نے سول آرمڈ فورسز کے لیے شہدا پیکیج میں 233 فیصد تک اضافے کا فیصلہ کرلیا، سول آرمڈ فورسز کا سیکیورٹی سے متعلق پیکیج کا کم سے کم معاوضہ بڑھ کر ایک کروڑ روپے ہوجائے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومت نے سول آرمڈ فورسز کے شہدا پیکیج میں 233 فیصد تک اضافے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے شہدا پیکیج کے معاوضے میں اضافے کی سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کی اجازت دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اضافے کے بعد سول آرمڈ فورسز کے سیکیورٹی پیکیج کا کم سےکم معاوضہ بڑھ کر ایک کروڑ روپے ہوجائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس وقت سول آرمڈ فورسز کے سیکیورٹی پیکیج کا کم سے کم معاوضہ 30 لاکھ روپے ہے جبکہ اضافے کے بعد سول آرمڈ فورسز کے سیکیورٹی پیکیج کا زیادہ سے زیادہ معاوضہ 2 کروڑ روپے ہوجائے گا، اس وقت سول آرمڈ فورسز کے سیکیورٹی پیکیج کا زیادہ سے زیادہ معاوضہ ایک کروڑ روپے ہے۔

واضح رہے کہ سول آرمڈ فورسز میں پنجاب رینجرز، سندھ رینجرز، ایف سی نارتھ خیبرپختونخوا، ایف سی ساؤتھ خیبرپختونخوا، ایف سی نارتھ بلوچستان اور ایف سی ساؤتھ بلوچستان، پاکستان کوسٹ گارڈز، جی بی اسکاؤٹس اور فیڈرل کانسٹیبلری شامل ہیں۔