وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور ٹو کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا
وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور ٹو کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔
وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ نتائج کے مطابق پری میڈیکل گروپ میں علی طارق نے 1071 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، وردہ سرفراز نے 1070 نمبر کے ساتھ دوسری جب کہ عروہ ملک اور مناہل مرتضیٰ نے تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر حاصل کی۔
پری انجینئرنگ گروپ میں پہلی پوزیشن مزمل ساجد نے 1063 نمبر کے ساتھ حاصل کی، محمد سمیع نے 1059 نمبر لے کر دوسری اور عائشہ نعیم نے 1054 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
گیارہویں جماعت کے امتحان میں 97 ہزار 928 طلبہ و طالبات شریک ہوئے جن میں سے 60 ہزار 794 کامیاب قرار پائے۔
بارہویں جماعت میں 96 ہزار 521 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 79 ہزار 881 نے کامیابی حاصل کی۔
انٹرمیڈیٹ کا مجموعی نتیجہ 83.19 فیصد رہا، طلبہ کی کامیابی کا تناسب 75.85 فیصد جب کہ طالبات کی کامیابی کا تناسب 88.91 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
پری میڈیکل گروپ میں کامیابی کا تناسب 94.04 فیصد جب کہ پری انجینئرنگ گروپ میں 88.89 فیصد رہا۔