پاکستان

سیلابی صورتحال: وفاقی حکومت نے پنجاب کے 8 اضلاع میں فوج تعینات کردی

پنجاب حکومت نے وفاقی وزارت داخلہ سے سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، سرگودھا، لاہور، قصور، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں فوج تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔

وفاقی حکومت نے پنجاب کی درخواست پر سیلابی صورتحال کی پیش نظر پنجاب کے 8 اضلاع میں فوج تعینات کردی۔

وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ 8 اضلاع میں فوج کی تعیناتی کے باضابطہ احکامات جاری کردیے ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے گزشتہ روز وفاقی وزارت داخلہ سے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں فوج کی تعیناتی کی درخواست کی تھی۔

وفاقی وزارت داخلہ نے سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، سرگودھا، لاہور، قصور، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں پاک فوج تعینات کردی ہے، ضرورت پڑنے پر پنجاب کے کسی اور ضلع میں بھی فوج کی تعیناتی ہوسکےگی۔

وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کسی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے کے لیے فوج تعینات کی ہے۔