پاکستان

تعلیمی اداروں میں سپلائی کی گئی 1453 کلو منشیات پکڑی، 300 ملزمان گرفتار کیے، اے این ایف

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں بھی مہم چلائی، سوشل نیٹ ورک کے ذریعے منشیات فروخت کرنے والا گروہ بھی پکڑا گیا، بریگیڈیئر عمران علی کی قائمہ کمیٹی داخلہ کو بریفنگ

انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو آگاہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں سپلائی کی گئی 1453 کلو منشیات پکڑی گئی، 300 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، سوشل نیٹ ورک کے ذریعے منشیات فروخت کرنے والا گروہ بھی پکڑا گیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین راجا خرم نواز کی زیرصدارت منعقد ہوا، اس موقع پر اے این ایف کے بریگیڈیئر عمران علی نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اسلام آباد میں بے تحاشہ منشیات ہے، کالجز اور جامعات میں منشیات ہے، یہ بتائیں یہ منشیات کہاں سے آرہی ہے، پہلے تو ہم کہتے تھے افغانستان سے آتی ہے، یہ بھی بتائیں جامعات میں کس طرح منشیات بیچی جارہی ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اسلام آباد میں منشیات فروش اتنے مضبوط ہوچکے ہیں کہ ایک کونسلر کو قتل کردیا۔

اے این ایف کے افسر نے بتایا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں بھی مہم چلائی، تعلیمی اداروں میں سپلائی کی جانے والی 1453 کلو منشیات پکڑی اور 300 زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بریگیڈیئر عمران علی نے بتایا کہ اسیکنرز اور کیپسٹی کا بھی مسئلہ ہے، سوشل نیٹ ورک کے ذریعے منشیات فروخت کرنے والا گروہ بھی پکڑا گیا، اس سال اب تک 19 گینگز کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ 7 ارب کی جائیدادیں بھی منجمد کرائی ہیں۔