پاکستان

گڈو اور سکھر کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ، وزیراعلیٰ سندھ کی ہنگامی اقدامات کی ہدایت

دریائے سندھ میں ان دونوں مقامات پر 4 اور 5 ستمبر کو سیلاب کا امکان ہے، تمام ادارے چوکس رہیں، پشتوں اور آبادیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے فوری اقدامات کیے جائیں، مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں ممکنہ سیلاب کے سلسلے میں فوری اقدامات کے لیے ہدایات جاری کردیں۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں سیلاب سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر کے مقام پر 4 اور 5 ستمبر کو اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، انہوں نے تمام اداروں کو چوکس رہنے اور صوبائی مون سون ہنگامی پلان کے تحت عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ 24 گھنٹے الرٹ رہیں، پشتوں اور آبادیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے فوری اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے اس کے ساتھ ساتھ خیمے، راشن بیگ، کشتیاں، ادویات اور مشینری کی دستیابی بھی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے خلاف میڈیکل ٹیمیں اور حفاظتی ویکسینیشن مہم فوری طور پر چلائے۔

وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور تمام ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور وفاقی اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں۔

قبل ازیں، این ڈی ایم اے نے خبردار کیا تھا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بعد سندھ میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سندھ میں سیلاب سے متعلق ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے بعد دریائے سندھ میں بھی بڑے پیمانے پر سیلاب کا خطرہ ہے، تمام متعلقہ ادارے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کر لیں۔