کراچی: ’ٹارگٹڈ حملے‘ میں ایک اور پولیس اہلکار جاں بحق
کراچی کے علاقے پپری میں بظاہر ٹارگٹڈ حملے میں ایک 35 سالہ پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
بن قاسم تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) فیصل رفیق نے ڈان کو بتایا کہ ہیڈ کانسٹیبل متھرو خان موٹر سائیکل پر سوار تھے، جب ان پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے سندھ گوٹھ کے قریب فائرنگ کر دی، انہیں گولیوں سے شدید زخم آئے اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت مقتول نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی، وہ شاہ لطیف ٹاؤن میں تعینات تھے، پولیس افسر نے کہا کہ یہ واقعہ بظاہر ’ٹارگٹ کلنگ‘ معلوم ہوتا ہے۔
دریں اثنا، صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر سے تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
واضح رہے کہ یہ ملیر ضلع میں ٹارگٹ کلنگ کا دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل 18 اگست کو بن قاسم ٹاؤن میں مبینہ ٹارگٹڈ حملے میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس افسر کو قتل کردیا تھا۔
بن قاسم پولیس کے ایس ایچ او فیصل رفیق نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی ) محمد خان ابڑو ایک کار میں سفر کر رہے تھے، جیسے ہی وہ اپنے گھر کے باہر گاڑی سے اترے، موٹر سائیکل پر سوار مسلح حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔