بھارت کیخلاف ایشیا کپ مقابلے کیلئے تیاری مکمل ہے، قومی کرکٹر حسن نواز
ٹاپ آرڈر بلے باز حسن نواز کہتے ہیں بھارت کیخلاف میچ کے لیے فینز کافی پُر جوش ہوتے ہیں، ہماری تیاری پوری ہے، امید ہے میچ میں بہترین پرفارمنس دیں گے۔
ٹرائی نیشن سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں شارجہ اسٹیڈیم میں موجود قومی کرکٹر حسن علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پریشر کنڈیشن میں قدرتی طور پر اچھا کھیل لیتا ہوں، گزشتہ 2 سے 3 سیریز کے دوران انفرادی پرفارمنس کی بنیاد پر کافی پُر اعتماد ہوں۔
بلے باز نے مزید کہا کہ کوشش کروں گا کہ ملک کے لیے بہترین پرفارمنس دوں، پچھلی سیریز کے دوران اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن صلاحیتوں کو نکھارنے میں مددکر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں حسن نواز نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی کنڈیشن میں ہر بال پر چھکا مارنےکا نہیں سوچ سکتے، ان پچز پر کھیل کے پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے میچ کو آگے لے کر چلنا ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر میچ کا اپنا ایک پریشر ہوتا ہے، میں ان چیزوں کو بطور چینلج لیتا ہوں، امید ہے اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو میچ جتوانے میں کردار ادا کر سکوں گا۔