لاڑکانہ: گاؤں بھلے ڈنو بیہن میں ذہنی معذور ماں نے دوسری بیٹی کی بھی جان لے لی
سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے گاؤں بھلے ڈنو بیہن میں ذہنی معذور خاتون نے مبینہ طور پر اپنی 4 سالہ بیٹی کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ذہنی عارضے میں مبتلا خوشبو بیہن نے غالباً اپنی بیٹی کو قتل کیا کیونکہ اس سے قبل وہ اپنی 2 سالہ بیٹی فاطمہ کو بھی بیٹری میں استعمال ہونے والا تیزاب پلا کر جان سے مار چکی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مقتولہ کے والد اظہار علی بیہن کی مدعیت میں خاتون کے خلاف مقدمہ دفعہ 302 تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کر لیا گیا ہے، ملزمہ کو گرفتار کرکے ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا، جہاں سے اسے جمعرات کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ایف آئی آر میں شکایت کنندہ نے مؤقف اپنایا کہ اس کی بیوی اکثر اسے دھمکاتی تھی کہ ’یا تو مجھے طلاق دے دو ورنہ میں بچوں کو مار دوں گی‘، انہوں نے کہا کہ’بیوی میری ایک اور بیٹی کو پہلے ہی قتل کر چکی ہے، میری دو ہی بیٹیاں تھیں، دونوں کو میری بیوی نے مار دیا، میرا گھر اجاڑ دیا’۔
ڈان کے پاس موجود ایک ویڈیو میں ملزمہ خود کو اعتراف کرتے ہوئے دیکھی اور سنی جا سکتی ہے کہ اس نے دوپٹے سے بیٹی کا گلا گھونٹا۔ اس نے کہا کہ ’مجھے معلوم نہیں تھا کہ میں اس وقت کیا کر رہی تھی‘، مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈاکری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔