پاکستان

کراچی: درخشاں تھانے میں گرفتار ملزم پولیس کے مبینہ تشدد سے ہلاک، وزیر داخلہ نے رپورٹ طلب کرلی

لاک اپ میں ملزم کی طبیعت خراب ہوئی، جسے جناح ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے ہی میں دم توڑ گیا، ترجمان پولیس

کراچی کے درخشاں تھانے میں پولیس حراست میں ایک ملزم مبینہ طور پر تشدد سے ہلاک ہو گیا، جبکہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیرِ داخلہ نے انکوائری کا حکم دے دیا۔

ترجمان ساؤتھ پولیس کے مطابق ملزم علی گوہر ایف آئی آر نمبر 527/2024 میں مفرور تھا، جو درخشاں تھانے میں ڈی ایچ اے کے ایک ڈکیتی کے مقدمے میں درج ہے، جسے دو روز قبل مٹیاری پولیس نے گرفتار کر کے درخشاں پولیس کے حوالے کیا تھا اور وہ جسمانی ریمانڈ پر تھا۔

ترجمان کے مطابق لاک اپ میں ملزم کی طبیعت خراب ہوئی، جسے جناح ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے ہی میں دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کیماڑی کو تحقیقاتی افسر مقرر کیا گیا ہے، پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر کسی افسر کی غفلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف نہ صرف محکمانہ بلکہ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

ادھر، صوبائی وزیرِ داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے درخشاں پولیس کی حراست میں مبینہ تشدد سے ملزم کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا اور ایس ایس پی ساؤتھ (انویسٹی گیشن) کو کیس کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ اختیارات کے غلط استعمال پر کسی افسر سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

دریں اثنا، پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔