ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا
ملک بھر میں آٹےکی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا، حالیہ ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 300 روپے تک بڑھی۔
پاکستان ادارہ شماریات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے شہری ملک میں سب سےمہنگا آٹا خریدنے پرمجبور ہیں، شہر قائد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 100 روپے تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق حالیہ ہفتے کراچی، لاڑکانہ اور خضدار میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 300 روپےتک بڑھ گئی جبکہ حیدرآباد اور سکھر میں آٹے کا 20کلو کاتھیلا 280 تک مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق ایک ہفتے میں کوئٹہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلےکی قیمت 210 تک، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، بنوں اور ملتان میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 200 روپے تک بڑھی، شہر اقتدار میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2 ہزار روپے تک میں فروخت ہونے لگا۔
اسی طرح سرگودھا 160 روپے اور لاہور میں آٹے کا 20 کلوتھیلا 120 روپےتک مہنگا ہو کر 1720 روپے تک کا ہو گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق بہاولپور 166.66 اور گوجرالوالہ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 83 روپے تک اضافہ ہوا ہے جبکہ ایک ہفتےمیں سیالکوٹ میں آٹے کا 20 کلوکا تھیلا83 روپے تک مہنگا ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کی کوشش کے طور پر پنجاب حکومت نے مداخلت کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنے ذخائر سے گندم جاری کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری شعبے کی گندم کے لیے فی 40 کلوگرام 2 ہزار 900 روپے کی مقررہ قیمت تجویز کی ہے۔