ٹرائی نیشن سیریز کا پہلا میچ : پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے دی
ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے دی ہے۔
شارجہ کے تاریخی میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے کپتان سلمان علی آغا کی شاندار 53 رنز کی اننگز کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 143 رنز بنا کر ہمت ہار گئی۔
افغان ٹیم کے کپتان راشد خان 39 اور رحمٰن اللہ گرباز 38 رنز بنا کر نمایاں رہے، افغانستان کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہونے میں بھی ناکام رہے۔
فاسٹ باؤلر حارث نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے31 رنز کے عوض 4 وکٹیں اپنے نام کیں، جب کہ شاہین شاہ آفریدی، صفیان مقیم اور محمد نواز 2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
قبل ازیں، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، محتاط اوپننگ کے آغاز کے بعد صاحب زادہ فرحان 21 اور صائم ایوب 14 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، فخر زمان 17 گیندوں پر 20 رنز بنا کر محمد نبی کا شکار بنے۔
اس دوران کپتان سلمان علی آغا نے افغان باؤلرز کا جم کا مقابلہ کیا، انہوں نے 36 گیندوں پر 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، 3 چوکے اور 3 چھکے بھی لگائے۔
محمد نواز 21 اور محمد حارث 15 اور حسن نواز 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، افغانستان کی جانب سے فرید احمد نے 47 رنز کے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
افغانستان کے فرید احمد 2 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں، جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں صاحب زادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان اور حسن نواز شامل ہیں۔
محمد نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور صفیان مقیم کو بھی فائنل الیون میں جگہ دی گئی ہے۔