پاکستان

دریائے سندھ میں شدید سیلاب کا خطرہ ہے، این ڈی ایم اے

شدید سیلاب کے پیش نظر بند ٹوٹنے اور وسیع علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے، فوری اقدامات کیے جائیں، نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی

نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے دریائے سندھ میں شدید سیلاب سے خبردار کردیا، سیلاب کے باعث نشیبی اور دریائی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے، بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ڈان نیوز کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے دریائے سندھ میں شدید سیلاب کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تینوں مشرقی دریاؤں میں موجودہ شدید سیلابی صورتحال کے باعث نشیبی دریائے سندھ میں بھی شدید سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 3 سے 4 ستمبر کے دوران 9 لاکھ سے ساڑھے 9 لاکھ کیوسک تک کے ریلے پنجند ہیڈ ورکس سے گزریں گے، جبکہ ممکنہ نقصان کے خطرے کے پیش نظر بند توڑ کر بہاؤ کا رخ بدلنے کی صورت میں 8 لاکھ 25 ہزار سے 9 لاکھ کیوسک کے ریلے متوقع ہیں۔

اسی طرح گڈو بیراج پر 5 سے 6 ستمبر کے دوران 8 لاکھ سے 11 لاکھ کیوسک پانی کا بہاؤ متوقع ہے، خطرناک صورتحال سے بچاؤ کے لیے بند ٹور کر پانی کا رخ موڑنے کی صورت میں بہاؤ کمی کے ساتھ 7 لاکھ 50 ہزار سے 9 لاکھ کیوسک کے درمیان ہو جائے گا۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر بہاؤ 12 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے جو انتہائی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا کرے گا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق سکھربیراج میں 6 تا 7ستمبر کے دوران8 لاکھ سے 11 لاکھ کیوسک جبکہ کوٹری بیراج میں 8 تا 9 ستمبر کے دوران 8 لاکھ سے10 لاکھ کیوسک پانی کا بہاؤ متوقع ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ 12 تا 13 ستمبر تک دریائے سندھ کے نشیبی علاقوں میں شدید اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شدید سیلاب کے پیش نظر بند ٹوٹنے اور وسیع علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے لہٰذا فوری اقدامات کیے جائیں، سیلابی ریلوں کے باعث زرعی اراضیاں، قریبی آبادیاں، دیہات اور تعمیرات متاثر ہو سکتی ہیں۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ دریاؤں کے کناروں اور آبی گزرگاہوں پر رہائش پذیر افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں امدادی ٹیموں سے رابطہ کریں۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں، اور ہنگامی کٹ (پانی، خوراک، ادویات) تیار رکھیں اور اہم دستاویزات محفوظ کریں۔

دریائے سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پی ڈی ایم اے سندھ کا اجلاس

دریائے سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پی ڈی ایم اےسندھ کا اجلاس ہوا جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سندھ سید سلمان شاہ نے کی۔

اجلاس میں ممکنہ سیلاب کے تناظر میں انخلا اور ریسکیو کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ہیڈ کوارٹر انجینئرنگ 5 کور کراچی اور کمانڈر کوسٹل کمانڈ کراچی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 کے چیف آپریشن آفیسر بھی موجود تھے۔