ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان کی مسلسل دوسری فتح، یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے دی
ٹرائی نیشن سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 31 رنز سے شکست دے دی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جارہی سہ ملکی سیریز میں پاکستان نے مسلسل دوسری فتح اپنے نام کر لی، قومی ٹیم کے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز ہی بنا سکی۔
یو اے ای کے بیٹر آصف خان 77 رنز بنا کر بھی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے، اوپنر بیٹر محمد وسیم 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے 47 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں، اسپنر محمد نواز 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جبکہ صائم ایوب اور سلمان مرزا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے، اوپنر بلے باز صائم ایوب نے 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، حسن نواز 56 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
محمد نواز 25 اور فہیم اشرف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔
یو اے ای کی جنید صدیقی اور ساغر خان نے 3،3 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ حیدر علی 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
یو اے ای کے خلاف پاکستان کی پلیئنگ الیون میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حسن علی اور سلمان مرزا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔
یاد رہے کہ سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔