لاہور: انسداد دہشتگردی عدالت نے بھارتی دہشتگرد کو 20 سال قید کی سزا سنا دی
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بھارتی دہشت گرد عثمان عرف عبدالرحمٰن کو 20 سال قید کی سزا سنا دی۔
انسداد دہشتگردی عدالت نمبر 2 کے جج نے مجرم عثمان عرف عبد الرحمٰن کو مجموعی طور پر 20 سال قید کے علاوہ مجرم کی تمام پراپرٹی ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔
پراسکیوشن نے دلائل دیے کہ مجرم سابق بھارتی شہری ہے اور اس وقت افغانستان کی شہریت رکھتا ہے، ملزم سے دھماکا خیز بارودی مواد برآمد ہوا۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر بھارتی دہشت گرد کو سزا سنائی
انسداد دہشتگردی عدالت نمبر 2 کے جج کی جانب سے جاری وارنٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکا خیز مواد ایکٹ 1908 کی دفعہ 4 کے تحت ملزم کو 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا دی جاتی ہے اور پاکستان میں موجود اس کی تمام جائیداد ریاست کے حق میں ضبط کی جائے۔
وارنٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد ایکٹ 1908 کی دفعہ 5 کے تحت ملزم کو 10 سال قیدِ کی سزا سنائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ مجرم کے خلاف 2024 میں سی ٹی ڈی لاہور نے مقدمہ درج کیا تھا۔