پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا گیا، مریم نواز شریف
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نےکہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا ہے۔
مریم نواز نے پنجاب میں سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے لاہور میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کی، بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اسپیل ویزکھولے جس سے دریا بھپر گئے، اُس کے باوجود ہم نے سیلاب کے مدنظر رکھتے ہوئے اپنی منصوبہ بندی کی۔
انتظامیہ نے بروقت لوگوں کا انخلاکیا اور 6 لاکھ سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے سے قیمتی جانیں بچ گئیں، جتنا سیلابی پانی آیا اس کا مقابلہ کرنا آسان نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے صورتحال خراب ہوئی، ہم نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا، ساڑھے 4 لاکھ سے زائد مویشیوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ 22 اضلاع میں سی سی ٹی وی فوٹیجز سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، ہمارا پہلا کام لوگوں کو ریسکیو کرنا تھا جس میں کامیاب ہوئے، انتطامیہ نے تھرمل ڈرون کی مدد سے ایک ہزار سے زائد شہریوں کو ریسکیو کیا۔
مریم نواز شریف نےکہا کہ پاک آرمی کے لیے دعاگو ہوں، اللہ ان کو سلامت رکھے، آرمی نے ریسکیو آپریشن میں انتظامیہ کی بھرپور مدد کی، ان کا شکریہ اداکرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کرتار پورگردوارہ سکھ برادری کا مقدس مقام ہے، وہاں بھی 12 فٹ تک پانی جمع ہو گیا تھا، 24گھنٹے میں کرتار پور گردوارے سے نکاسی آب کیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نارووال کو شاباش دیتی ہوں۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ جھنگ، ملتان، مظفرگڑھ، اوکاڑہ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیگ سنگھ، خانیوال، قصور، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، بہاولپور، راجن پور، رحیم یار خان حالیہ سیلاب سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کشتیوں کا بروقت انتظامات کرے،ادویات اور ویکسینیشن کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس سے پہلے کہ لوگ کال کرکے انتطامیہ کو بلائیں، افسران و اہلکار خود متاثرہ مقام پر پہنچیں۔