پاکستان

پنجاب میں سیلاب سے 33 افراد جاں بحق، 20 لاکھ متاثر ہوئے، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے

پنجاب کو تاریخ کے بلند ترین سیلاب کا سامنا ہے، 2200 دیہات متاثر ہوئے جبکہ 7 لاکھ افراد نے متاثرہ علاقوں سے انخلا کیا، ہیڈ سلیمانکی پر آج شام تک پانی کی سطح عروج پر ہوگی، عرفان علی کاٹھیا

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے اب تک 33 افراد جاں بحق جبکہ 20 لاکھ افراد اور 2200 دیہات متاثر ہوئے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پنجاب کے تینوں دریاؤں میں تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے، جس کے باعث اب تک 33 افراد جاں بحق ہوچکے۔

انہوں نے بتایا کہ 20 لاکھ افراد اور 2200 دیہات متاثر ہوئے جبکہ 7 لاکھ افراد نے متاثرہ علاقوں سے انخلا کیا۔

عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ ستلج میں قصور کے مقام پر پانی کم ہورہا ہے جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر پانی بڑھ رہا ہے اور ایک لاکھ 54 ہزار کیوسک پانی موجود ہے اور شام تک یہاں پانی کی سطح عروج پر ہوگی، انہوں نے خبردار کیا کہ ہیڈسلیمانکی اور ہیڈ اسلام کے اطراف دیہات متاثر ہوسکتے ہیں۔

عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ پاکپتن، بہاولنگر اور وہاڑی میں کل تک ایک لاکھ 35 ہزار کیوسک پانی پہنچےگا، ستلج اور چناب کا پانی 2 ستمبر کو ملےگا، تریموں ہیڈورکس پربہاؤ میں ایک لاکھ کیوسک کا اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ کم ہو گیا ہے تاہم ستلج اور راوی کا پانی مزید دیہات کو متاثر کرے گا جبکہ دریائے چناب کا پانی مظفرگڑھ ملتان کو متاثر کرے گا۔