کھیل

سہ فریقی سیریز: افغانستان نے متحدہ عرب امارات کو 38 رنز سے ہرادیا

سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں افغانستان نے 189 رنز کا ہدف دیا تھا، یو اے ای کی ٹیم 150 رنز بناسکی

شارجہ میں کھیلے گئے سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں افغانستان نے متحدہ عرب امارات کو 38 رنز سے ہرا کر اپنی پہلی فتح حاصل کرلی۔

افغانستان کی جانب سے جیت کے لیے 189 رنز کا ہدف دیا گیا تھا مگر یو اے ای کی ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بناسکی۔

189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے اے کی پہلی وکٹ بھی ابتدا ہی میں گرگئی جب اوپنر بیٹر محمد زوہیب سات رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

15 رنز پر پہلی وکٹ گرنےکے بعد کپتان محمد وسیم نے برق رفتاری سےبیٹنگ کرتے ہوئے اسکور میں اضافہ کیا، 76 کے مجموعی اسکور پر 12 رنز بناکر راشد خان کا شکار بن گئے۔

اس کے بعد افغان بولروں کی نپی تلی بولنگ کے سامنے یو اے ای کے بلے باز ٹک نہیں سکے اور وقفے وقفے سے ان کی وکٹیں گرتی چلی گئیں۔

کپتان محمد وسیم نے چار چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 67 رنز اسکور کیے۔

ان کے بعد راہول چوپڑا نے اسکول میں تیزرفتار اضافے کی کوشش کرتے ہوئےنصف سینچری اسکور کی ، انہوں نے تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 52 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

متحدہ عرب امارات کی اننگز مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز پر تمام ہوگئی جبکہ اس کی دو وکٹیں باقی تھیں۔

افغانستان کی جانب سے شرف الدین اشرف اور راشد خان نے تین، تین اور فضل حق فاروقی اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

شرف الدین اشرف کو 24 رنز کے عوض تین وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا۔

قبل ازیں یو اے ای کے کپتان محمد وسیم نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

افغانستان کو اننگز کی ابتدا ہی میں اوپنر رحمٰن اللہ گرباز کی وکٹ کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ وہ محض سات رنز بنا کر محمد روحد کا شکار بن گئے۔ وکٹ کیپر راہول چوپڑا نے ان کا کیچ لیا۔

16 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گرجانے کے بعد صادق اللہ اتل اور ابراہیم زردان نے جم کر بیٹنگ کی اور دل کش اسٹروکس کھیلتے ہوئے نصف سینچریاں مکمل کیں۔

صادق اللہ اتل 40 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ صغیر خان کے حصے میں آئی۔ ان کا کیچ بھی راہول چوپڑا نے لیا۔

دوسرے اینڈ سے ابراہیم زردان نے بھی 40 گیندوں پر 64 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں تین چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ ابراہیم زردان بھی صغیر خان کا شکار بنے۔

دروش رسول 10 رنز بناسکے۔ ان کی وکٹ محمد روحد کے حصے میں آئی۔ عظمت اللہ عمر زئی 20 اور کریم جنت 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں افغان ٹیم نے بورڈ پر 188/4 کا ہندسہ سجایا۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے محمد روحد نے 34 رنز دے کر دو اور صغیر خان نے 52 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ شارجہ ہی میں کھیلے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ گرین شرٹس نے یو اےای کو 31 رنز سے ہرایا تھا۔

سہ فریقی سیریز کا چوتھا میچ دو ستمبر کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یو اے ای اسکواڈ

محمد وسیم ( کپتان )، محمد زوہیب، آصف خان، راہول چوپڑا ( وکٹ کیپر ) ایتھن ڈی سوزا، ہرشک کوشک، دھرو پرشار، صغیر خان، حیدر علی، محمد روحد اور جنید صدیقی

افغانستان اسکواڈ

رحمٰن اللہ گربز ( وکٹ کیپر ) ، صادق اللہ اتل، ابراہیم زردان، درویش رسولی، کریم جنت، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان ( کپتان )، محمد نبی، شرف الدین اشرف، مجیب الرحمٰن، فضل حق فاروقی