پاکستان

ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے اغوا کا کیس: ملزم حسن زاہد کا عدالت میں اعتراف جرم

سر مجھ سے غلطی ہوگئی، جج کے دھمکیوں اور اغوا سے متعلق استفسار پر ملزم کا جواب، 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا اور نقدی چھیننے کے کیس میں گرفتار ملزم حسن زاہد نے عدالت میں اعتراف جرم کرلیا۔

اسلام آباد پولیس نے گرفتار ملزم حسن زاہد کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود چوہدری کی عدالت میں پیش کیا۔

جج نے ملزم سے استفسار کیا کہ بتاؤ تم نے یہ دھمکیاں کیوں دیں اور اغوا کیوں کیا؟ ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ سر! مجھ سے غلطی ہوگئی ہے۔

پولیس نے ملزم کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزم سے گاڑی، پستول اور نقدی برآمد کرنی ہے۔

عدالت نے ملزم کو 5 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

واضح رہے کہ ملزم حسن زاہد کے خلاف گزشتہ روز اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں خاتون کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

متاثرہ خاتون نے ایف آئی آر میں الزام عائد کیا تھا کہ ملزم حسن زاہد کئی روز سے ان کا تعاقب کرتا رہا اور بار بار تحائف دے کر دباؤ ڈالتا رہا۔

معروف ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے پولیس کو مزید بتایا کہ 31 اگست کو شام ساڑھے 6 بجے ملزم نے گھر کے باہر زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی اور کھلے عام بدلہ لینے کے ساتھ جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

متاثرہ خاتون نے اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی اپ لوڈ کی تھی جو انہوں نے پولیس کے حوالے کردی اور ساتھ ہی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو دے دی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔