کھیل

مچل اسٹارک کا ٹی20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ سے میری اولین ترجیح رہی ہے، ٹی20 کرکٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے بھرپور لطف اٹھایا، آسٹریلوی فاسٹ باؤلر کا پیغام

آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک نے ٹی20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بلے بازوں کے لیے خوف کی علامت سمجھے جانے والے آسٹریلوی فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک نے حیران کن طور پر ٹی20 ورلڈکپ 2026 سے صرف 6 ماہ قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

35 سالہ لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر آسٹریلیا کے ٹی20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر کے طور پر ریٹائر ہو رہے ہیں، انہوں نے 65 میچوں میں 79 وکٹیں حاصل کیں، جو اسپنر ایڈم زمپا کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ سے میری اولین ترجیح رہی ہے جب کہ میں ٹی20 کرکٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے بھرپور لطف اٹھایا، خاص طور پر 2021 میں ٹی20 ورلڈکپ جیتنا میرے لیے انتہائی یادگار لمحہ تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سے ٹیسٹ سیریز، ایشیز سیریز اور 2027 کے ورلڈکپ تک خود کو فٹ رکھنے کے لیے میں سمجھتا ہوں کہ یہ بہترین فیصلہ ہے تاکہ میں بہترین کارکردگی دکھا سکوں اور مجھے تیاری کے لیے وقت بھی مل سکے۔

آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر جارج بیلی کا کہنا تھا کہ نئی گیند سے شروع میں بلے بازوں کو دباؤ میں رکھنے اور مشکل مواقع پر آخری اوورز کرانے کی ان کی صلاحیت کو بہت یاد کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو ایسے کھلاڑی بہت کم ملتے ہیں جو 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کو سوئنگ کرتے ہیں۔