پاکستان

پنجاب کو سپر فلڈ کا سامنا ہے، بروقت انتظامات سے ہزاروں انسانی جانیں محفوظ ہوگئیں، مریم نواز

پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا انخلا اور ریسکیو آپریشن کیا گیا، سیلاب سے پیشتر بروقت انخلا سے ڈھائی لاکھ لوگ محفوظ رہیں، ریلوں میں گھرے 9 لاکھ سے زائد متاثرین کو بروقت ریسکیو کر لیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کو سپر فلڈ کا سامنا ہے تاہم بروقت اور بہترین انتظامات سے ہزاروں انسانی جانیں محفوظ ہوگئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو متوقع حالات کے پیش نظر بھرپور بیک اپ تیاری کا حکم دے دیا۔

مریم نواز نے سیلاب کی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو بدستور متحرک رہنے کی ہدایت کر دی اور ساتھ ہی ہیلتھ کیمپ میں تمام ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں، مریم نواز نے بارش کے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج کے لیے انتظامات اور ادویات کی فراہمی اور سیلاب زدہ علاقوں کے ریلیف کیمپوں میں خواتین کے لئے سینٹری کٹ مہیا کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلی پنجاب نے کلینک آن ویل، فیلڈ ہسپتال اور مدراینڈ چائلڈ کلینک آن ویل کی سروسز مزید تیز کرنے اور سیلاب زدہ علاقوں میں قائم ریلیف میڈیکل کیمپوں میں بہتری کی بھی ہدایت کردی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو سپر فلڈ کا سامنا ہے، بروقت اور بہترین انتظامات سے ہزاروں انسانی جانیں محفوظ ہوگئیں صوبے میں سیلاب سے پیشتر بروقت انخلا سے ڈھائی لاکھ لوگ محفوظ رہیں جبکہ آبی ریلوں میں گھرے 9 لاکھ سے زائد متاثرین کو بروقت ریسکیو کر لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا انخلا اور ریسکیو آپریشن کیا گیا، انتظامیہ اور تمام اداروں کی منظم کاوشوں سے تباہی سے محفوظ رہے، سیلاب متاثرین ہمارے مہمان ہیں، کھانے پینے اور دیگر انتظامات میں کوئی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب سیلاب کی حساس ترین صورتحال سے گزررہا ہے لیکن حکومتی ادارے مستعد ہیں، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر تمام اداروں کو ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔