پاکستان

صوبائی اسمبلی نے ’خیبر پختونخوا آسان کاروبار بل 2025’ کی منظوری دے دی

مسودے کے تحت صوبے میں کاروبار کی رجسٹریشن، لائسنسنگ، پرمٹس اور ریگورلرائزیشن کے لیے آسان کاروبار پورٹل قائم اور ’ای پیمنٹ‘ کا نظام قائم کیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی نے ’خیبر پختونخوا آسان کاروبار بل 2025‘ کی منظوری دے دی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق منظور کردہ ’خیبر پختونخوا آسان کاروبار بل 2025‘ بل کے مسودے کے تحت صوبے میں کاروبار کی رجسٹریشن، لائسنسنگ، پرمٹس اور انہیں قانونی ڈھانچے میں لانے کے لیے آسان کاروبار پورٹل قائم کیا جائے گا۔

پورٹل میں تمام چھوٹے بڑے کاروبار کو رجسٹرڈ کیا جائے گا، ساتھ ہی ہر ایک کو ڈیجیٹل آئی ڈی فراہم کی جائے گی۔

صوبائی اسمبلی سے منظور کردہ بل کے مطابق نئےکاروباروں کے لیے رجسٹریشن، پرمٹس، لائسنس سمیت تمام امور ’ای پیمنٹ‘ کے ذریعے کیے جائیں گے اور بل کے تحت ’ایز آف ڈوئنگ بزنس ڈائریکٹوریٹ‘ (ای ڈی بی ڈی) بھی قائم کیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور ایز آف ڈوئنگ بزنس ڈائریکٹوریٹ کےچیئرمین ہوں گے۔

بزنس ڈائریکٹوریٹ ہی تمام سروسز کو بنانے، ان کی تجدید کرنے اور مناسب دیکھ بھال کرنے کا ذمہ دار ہوگا، خیبر پختونخوا ریگولیٹری رجسٹری کی قیام بھی ای ڈی بی ڈی کی ہی ذمہ داری ہوگی۔