سیلاب کی تباہ کاریاں روکنے کیلئے چھوٹے ڈیم بنا رہے ہیں، علی امین گنڈاپور
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریاں روکنے کے لیے چھوٹے ڈیم بنا رہے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا نے اسلام آباد میں ایسوسی ایشن آف بیوروچیفس کے ارکان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں کہا گیا کہ نئے ڈیم بنانے پڑیں گے، وزیراعظم نے کہا سیاست نہیں ریاست بچانی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ میں نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ کالاباغ ڈیم کی بات کیوں نہیں کرتے، میں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کالاباغ ڈیم پر سرمایہ کاری کرے گی۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بجلی کے بغیر ڈیم کی میری تجویز سے وفاقی وزیر اویس لغاری نے بھی اتفاق کیا، کام کی شروعات کے لیے میں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کا معاملہ طے کریں۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو تبدیل کرنے کا مشورہ دیا، لوگوں کو کھانے کے لیے قسطوں میں رقم دینے کی بجائے کاروبار کے لیے پانچ، پانچ لاکھ رقم دی جائے۔
میں نے کہا کہ مجھے خیبرپختونخوا کے لیے دوسال کی رقم ہمارے حوالے کی جائے، سی سی آئی کے اجلاس میں سب نے میری اس تجویز سے اتفاق کیا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ نئے ڈیم بنانے کے لیے خیبرپختونخوا کے علاوہ باقی صوبوں نے رقم دینے سے انکار کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ صوبوں کے تحفظات ختم کرکے قوم کے فائدے کیلئے کالا باغ ڈیم بنانا چاہیے۔
بیان میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کالا باغ ڈیم کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبائیت کے چکر میں پورے پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے فائدے کو پیچھے نہیں دھکیلا جاسکتا، سب کو مطمئن کرکے مستقبل کیلئے کالا باغ ڈیم جیسا منصوبہ بننا چاہیے، علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ صوبوں کے تحفظات ختم کرکے قوم کے فائدے کے لیے کالا باغ ڈیم بنانا چاہیے۔