پاکستان

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن، علیمہ خان کا سیاسی سوالات پر جواب دینے سے گریز

وہ صرف اپنے بھائی سے ملنے آئی ہیں، سیاست کے سوال پارلیمنٹ میں پوچھے جائیں، علیمہ خان نے ٹویٹر سمیت دیگر معاملات پر جواب دینے سے گریز کیا۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے وکلا اور فیملی ملاقات کے دن پر کارکنوں کی بڑی تعداد گورکھپور ناکے پر پہنچ گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق جیل کے اطراف مختلف ناکوں پر پی ٹی آئی رہنماؤں، کارکنوں اور اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود رہی جن میں رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک، شفقت اعوان، سیمابیہ طاہر اور دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔

عمران خان کی بہن علیمہ خان بھی اپنی بہنوں کے ہمراہ وہاں موجود رہیں، اس موقع پر پولیس نے علیمہ خان کی گاڑی کو روکا جس پر کارکنوں نے گاڑی کے سامنے احتجاج کیا اور پولیس اہلکاروں سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔

بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ شیخ اور بھابھی مہرالنسا احمد کو گیٹ نمبر 5 سے جیل کے اندر جانے کی اجازت دی گئی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباس چوہدری اور بیرسٹر گوہر کو بھی ملاقات کا موقع دیا گیا۔

بعد ازاں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ وہ صرف اپنے بھائی سے ملنے آئی ہیں، سیاست کے سوال پارلیمنٹ میں پوچھے جائیں۔

صحافیوں کے سخت سوالات پر انہوں نے کہا کہ آپ صحافی نہیں لگتے، کوئی اور ہیں، اور ٹوئٹر سمیت دیگر معاملات پر جواب دینے سے گریز کیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد رہنماؤں اور اہل خانہ کے ساتھ جیل تک موجود رہی۔