خیبرپختونخوا حکومت کا ’خود مختار کلائمیٹ ایکشن بورڈ‘ کے قیام کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق فیصلوں کے لیے خود مختار کلائمیٹ ایکشن بورڈ کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی نے ’کلائمیٹ ایکشن بورڈ بل 2025‘ کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت صوبائی سطح پر قائم ہونے والے کلائمیٹ ایکشن بورڈ کو مکمل آزادی اور خود مختاری حاصل ہوگی۔
منظور کردہ بل کے مطابق صوبائی کلائمیٹ ایکشن بورڈ 8 انتظامی سیکریٹریز، 2 ارکان اسمبلی اور 4 نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین مشتمل ہوگا۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پالیسی کی تیاری، مختلف محکموں سے روابط رکھنا، بورڈ کا مینڈیٹ ہوگا، اس کے علاوہ کلائیمٹ بورڈ ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے تحقیق اور بین الاقوامی اداروں کےساتھ روابط بھی رکھے گا۔
کلائمیٹ ایکشن بورڈ کاربن کریڈٹ کے حصول سمیت نئے موسمیاتی پالیسیوں کو مرتب، گرین ہاؤس گیسز کی فہرست کی تیاری اور کم کاربن والی معیشت کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے گا جب کہ 4 ماہ کے دوران کم سے کم ایک بار بورڈ کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا زکوۃ اینڈ عشر ایکٹ میں ترامیم
صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا زکوۃ اینڈ عشر ایکٹ میں بھی ترامیم کی گئیں، زکوٰۃ و عشر کونسل کے چئیرمین اور ارکان کی تقرری کا اختیار بھی وزیر اعلیٰ کو دے دیا گیا۔
بل کے مطابق تمام ٹھیکداروں سے اعشاریہ 5 فیصد سوشل پروٹیکشن فیس لی جائے گی، ٹھیکے لینے والے تمام حکومتی محکمے، دفاتر اور خودمختار ادارے سوشل پروٹیکشن فیس اداکریں گے۔