کھیل

7 سالہ پاکستانی تیمور وسیم انڈر8 کیٹیگری میں ’ورلڈ اسکریبل چیمپئن‘ بن گئے

چیمپئن شپ میں پاکستان کے احزم صدیقی انڈر 16 کیٹیگری میں ورلڈ چیمپئن بنے، محمد یوسف نے انڈر 10 ایج گروپ میں سلور میڈل جبکہ بلال آشعر نے انڈر 16 میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

پاکستانی اسکریبل پلیئرز نے 20ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھا کر 2 ٹائٹلز سمیت دیگر کامیابیاں سمیٹ لیں۔

کوالالمپور میں منعقدہ چیمپئن شپ میں 7 سالہ پاکستانی اسکریبل پلیئر تیمور وسیم نے انڈر 8 ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر سب کو حیران کر دیا، تیمور وسیم کی کامیابی کے ساتھ پاکستان نے مجموعی طور پر چھٹی مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا۔

واضح رہے کہ 7 سالہ تیمور وسیم گرینڈ ماسٹر وسیم کھتری کے صاحبزادے ہیں۔

چیمپئن شپ میں پاکستانی کے دیگر کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں شاندار کارکردگی دکھائی، احزم صدیقی نے انڈر 16 ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

محمد یوسف نے انڈر 10 ایج گروپ میں سلور میڈل جیتا جبکہ بلال آشعر نے انڈر 16 میں دوسری پوزیشن حاصل کی، چیمپئن شپ میں 20 ممالک کے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

اختتامی تقریب میں ورلڈ یوتھ کمیٹی کے چیئرمین طارق پرویز نے اعلان کیا کہ آئندہ برس کی چیمپئن شپ کینیا میں منعقد ہوگی۔

واضح رہے پاکستانی ٹیم کوالالمپور میں ہی قیام کرے گی جہاں وہ 5 سے 7 ستمبر تک ہونے والے گیٹ وے ماسٹر کپ میں بھی حصہ لے گی۔