ٹک ٹاکر سامعہ حجاب اغوا کیس: ملزم حسن زاہد کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو اغوا کرنے کے کیس میں ملزم حسن زاہد کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور کرلی۔
ڈان نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عامر ضیا نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو اغوا کرنے کے کیس میں ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
old footage resurfaces of samia hijab with the same guy she accused #viralvideo #foryou #samia #oldvideo #trending
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا میرا موکل اغوا کے مقدمے میں بے گناہ ہے، اس پر ہراساں اور بلیک میل کرنے کے لیے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی ملزم حسن زاہد کی ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم حسن زاہد کی ضمانت 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی، تاہم ملزم دوسرے مقدمے میں 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔
عدالت نے ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر 9 ستمبر کو دلائل طلب کر لیے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد کی ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے ایک ویڈیو میں بتایا تھا کہ وہ ثنا یوسف کی دوست ہیں اور حسن زاہد انہیں ہراساں کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ شخص دو سے تین ماہ سے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا تھا اور شادی کے لیے مجبور کر رہا تھا، ایک موقع پر جب وہ گیٹ کھولنے باہر گئیں تو اس نے ان کا موبائل چھین کر انہیں گاڑی میں گھسیٹ لیا، جس کی ریکارڈنگ بھی موجود ہے۔
اس واقعے کے بعد اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں حسن زاہد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا اور عدالت میں پیش کیا۔
عدالت میں ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ ’سر! مجھ سے غلطی ہوگئی ہے‘، عدالت نے پولیس کی استدعا پر اسے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر دے دیا۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سامعہ حجاب اور حسن زاہد کی کئی ویڈیوز وائرل ہوئیں، جن میں دونوں کا تعلق دوستی سے بڑھ کر نظر آیا، ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ سامعہ حسن سے پیسے لے رہی تھیں اور آن لائن ٹرانزیکشنز کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے گئے، یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ حسن سامعہ کو اغوا کرنے نہیں بلکہ اپنے پیسے واپس لینے گیا تھا۔