منشیات اسمگلنگ کیس، ملزم نے انکاؤنٹر کے خوف سے کمرہ عدالت میں گرفتاری دیدی
سپریم کورٹ کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد کیے جانے پر منشیات اسمگلنگ کے ملزم نے انکاؤنٹر کے ڈر سے کمرہ عدالت میں ہی گرفتاری دے دی۔
ڈان نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس ملک شہزاد احمد خان پر مشتمل بینچ نے منشیات اسمگلنگ کیس میں ملزم فیاض کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت ملزم فیاض کے وکیل مظہر اقبال نے موقف اختیار کیا کہ پراسکیوشن کی ساری کہانی جھوٹی ہے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ ملزم فیاض کے پاس سے 10 کلو منشیات اور ڈرون بھی برآمد ہوا ہے۔
عدالت کی درخواستِ ضمانت مسترد کرنے کی آبزرویشنز کے بعد درخواست واپس لیتے ہوئے ملزم فیاض نے انکاؤنٹر کے ڈر سے کمرہ عدالت میں گرفتاری دے دی۔
وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم فیاض ضمانت مسترد ہونے کے بعد خود گرفتاری دینا چاہتا ہے، خطرہ ہے ملزم کا اینکاؤنٹر کردیا جائے گا۔
مزید کہا کہ پنجاب میں سی سی ڈی کو لوگوں کے اینکاؤنٹر کا لائسنس ملا ہوا ہے، روزانہ لوگوں کو مارا جا رہا ہے، ایک بندے کو جیل سے بلا کر اینکاؤنٹر کردیا گیا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم فیاض کی گرفتاری سپریم کورٹ ریکارڈ میں حکمنامہ میں شامل کردی جائے جس پر عدالت نے ملزم فیاض کی گرفتاری کو کورٹ آرڈر میں شامل کردیا۔
واضح رہے کہ ملزم فیاض عرف بھولا پر 10 کلو منشیات سمگلنگ کا الزام ہے، ملزم فیاض کے خلاف اگست 2023 میں منشیات اسمگلنگ کا لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔