وزیراعظم کا چیئرمین این ڈی ایم اے کو فون، سیلابی صورتحال اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ لی
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) کو ٹیلیفونک کال، سیلابی صورتحال اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ لی۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ سے چیئرمین این ڈی ایم اے کو کال کی اور ان سے ملک میں سیلابی صورتحال اور جاری امدادی کارروائیوں پر بریفنگ لی۔
چئیرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو دریائے روای، چناب اور ستلج میں بڑھتی ہوئی طغیانی سے آگاہ کیا، جس پر وزیراعظم نے ریسکیو و امدادی کارروائیوں کی تیاری قبل از وقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کر کے حفاظتی اقدامات اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو عوام کو راوی، چناب اور ستلج میں بڑھتی ہوئی طغیانی کے حوالے سے پیشگی آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نے گذشتہ روز بھی بیجنگ میں سیلابی صورتحال اور جاری ریسکیو و امدادی سرگرمیوں پر جائزہ اجلاس منعقد کیا تھا جس میں انہیں ملک میں حالیہ سیلابی صورتحال اور امدادی کارروائیوں کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیاگیا۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے ملک میں جاری مون سون کے بڑے اسپیل کے دوران این ڈی ایم اے و دیگر ریسکیو و ریلیف اداروں کی تیاری اور امدادی کاروائیوں کی نگرانی کیلئے اپنی مصروفیات کچھ دیر کیلئے ترک کرکے جائزہ اجلاس کی صدارت کی تھی۔
اجلاس میں چئیرمین این ڈی ایم اے، پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹریز اور امدادی کارروائیوں کے لیے متعلقہ اداروں نے وزیراعظم کو ملک میں حالیہ سیلابی صورتحال اور امدادی کاروائیوں کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔
وزیراعظم نے این ایچ اے اور وزارت توانائی کو سیلاب سے متاثرہ نظام مواصلات اور بجلی کی ترسیل کے نظام کی ترجیحی بنیادوں پر بحالی کے لیے اقدامات لینے کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو پنجاب اور سندھ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر بحالی کی اور امدادی کارروائیوں پر خصوصی طور پر توجہ مرکوز کرنےاور چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سے مکمل رابطے میں رہنے اور صوبائی حکومتوں کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے سیلاب کی وجہ سے لاپتہ شہریوں کی جلد تلاش مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔