پاکستان

رحیم یار خان: کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن میں ڈرونز کا استعمال، کئی ٹھکانے تباہ

مغویوں کی بازیابی کے لیے رحیم یار خان کے کچے کے علاقے' کچہ رونتی' میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، ترجمان پنجاب پولیس؛ مجرموں کے خلاف پوری طاقت سے نبرد آزما ہیں، آئی جی

پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پولیس نے مغویوں کی بازیابی کیلئے ڈاکوؤں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مغویوں کی بازیابی کے لیے رحیم یار خان کے کچے کے علاقے’ کچہ رونتی’ میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ٹارگٹڈ آپریشن میں ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سرپرائز حملے کیے گئے جن میں ڈاکوؤں کے کئی پناہ گاہیں تباہ کردی گئیں۔

ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ جزیرہ نماعلاقےمیں ڈرونزکے ذریعے ڈاکوؤں کےٹھکانوں کونشانہ بنایاگیا۔

دوسری جانب، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ( ڈی پی او ) کا کہنا ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور ان کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ مجرموں کے خلاف پوری طاقت سے نبرد آزما ہیں، اور حفاظت کےساتھ کریمنلزکےخاتمے کے لیے بھی ڈرون ٹیکنالوجی استعمال میں لا رہے ہیں۔