پاکستان

حکومت سندھ نے 5 اور 6 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کردیا

5 ستمبر بروز جمعہ اور 6 ستمبر بروز ہفتہ جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل ہوگی، اس دوران سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے، نوٹی فکیشن جاری

حکومت سندھ نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر صوبے بھر 5 اور 6 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے اس سلسلے میں نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق 5 ستمبر بروز جمعہ اور 6 ستمبر بروز ہفتہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل ہوگی، اس دوران سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تعینات حکام، ایمرجنسی سروسز اور اہم سروسز پر تعینات افسران اور عہدیداران دونوں دن اپنے فرائض جاری رکھیں گے۔

اس سے قبل، وفاقی حکومت نے بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موقع پر ملک بھر میں 12 ربیع الاول (6 ستمبر) کو عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے کابینہ ڈویژن نے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 6 ستمبر بروز ہفتہ چھٹی ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یومِ ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔