برطانیہ کا سندھ میں متوقع سیلاب کے پیش نظر اضافی 45 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان
برطانیہ نے سندھ میں متوقع شدید سیلاب کے پیش نظر فوری اقدامات کرتے ہوئے جمعرات کو اضافی 45 کروڑ 44 لاکھ روپے (12 لاکھ پاؤنڈ) امداد کا اعلان کیا ہے، تاکہ حکومت کے مربوط ردعمل میں مدد دی جا سکے اور آفت آنے سے قبل مقامی برادریوں کو تیار کیا جا سکے۔
برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کی پریس ریلیز کے مطابق نئی امداد کے بعد پاکستان کے لیے برطانیہ کی مجموعی انسانی ہمدردی کی امداد 95 کروڑ 80 لاکھ روپے (25 لاکھ 30 ہزار پاؤنڈ) تک پہنچ گئی ہے، جس کے ذریعے ملک بھر میں 4 لاکھ سے زائد افراد کو زندگی بچانے والی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ نئی امداد اس 13 لاکھ 30 ہزار پاؤنڈ (50 کروڑ 36 لاکھ روپے) کے علاوہ ہے، جس کا اعلان 22 اگست کو کیا گیا تھا، جو خیبرپختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان میں فوری ردعمل اور امدادی کارروائیوں میں استعمال ہو رہی ہے۔
اس امداد میں خشک راشن کی فراہمی، تلاش و بچاؤ کی کارروائیاں، موبائل میڈیکل کیمپس، پینے کے پانی کے نظام کی بحالی، آبپاشی نہروں کی مرمت اور روزگار و زراعت کی بحالی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، برطانیہ نے پاکستان میں ’اسٹارٹ ریڈی ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ سسٹم‘ میں بھی تعاون کیا ہے، اس کے تحت 18 کروڑ 90 لاکھ روپے (5 لاکھ پاؤنڈ) جاری کیے گئے ہیں، جن سے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں 20 ہزار افراد تک رسائی حاصل کی گئی ہے تاکہ مستقبل میں سیلاب سے پیدا ہونے والے انسانی نقصانات کی پیش بندی اور کمی ممکن ہو سکے۔