مریم نواز بہت محنتی، سیلاب کے دوران بہترین کردار ادا کیا، بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہے کہ پنجاب میں حالیہ سیلاب کے دوران مریم نواز شریف کی کاؤشوں کو ماننا پڑے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے مشکل وقت میں بہترین کردار ادا کیا، وہ بہت زیادہ محنت کر رہی ہیں۔
پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے دورے کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری قصور پہنچے، جہاں انہوں نے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ حالیہ سیلاب سے کوئی بھی مقامی یا صوبائی حکومت مقابلہ نہیں کر سکتی، وفاق کو مزید تعاون کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، یہاں پہنچنے کے بعد اندازہ ہوا کہ یہاں کتنی زیادہ تباہی ہوئی ہے، وفاق سے درخواست ہے کہ صوبے میں زرعی ایمرجنسی نافذ کر کے کسانوں کو بیچ اور کھاد کی مد میں سبسڈی فراہم کی جائے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کسانوں کے بے پناہ نقصان کے ساتھ ساتھ زرعی معیشت تباہ ہو گئی، زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مقامی کسانوں کو یقین دلایا کہ بجلی اور قرضوں میں تعاون کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے بات کریں گے، انہوں نے کہا کہ امید رکھتا ہوں کہ وزیراعظم آپ کی بات پر غور کریں گے۔
سربراہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں ایک ایسی عادت بن گئی ہے کہ لوگ فورا تنقید کرنا شروع کر دیتے ہیں، پیپلز پارٹی کے نمائندوں کو کہا ہے کہ مشکل وقت میں پنجاب حکومت کا ساتھ دیں، ہم ریلیف اور بحالی کے مرحلوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زریعے لوگوں کی مدد کی درخواست کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلا مرحلہ لوگوں کو ریسکیو کرنے کا ہے، بحالی کے عمل کے دوران لوگوں کے گھروں اور کاروبار کا جو بھی نقصان ہوا ہے، اس کا تخمینہ لگایا جائے گا، امید ہے اس کا ازالہ بھی ہو گا۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہماری صوبائی حکومت نے سندھ میں 20 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا، یہ وفاق کی سپورٹ کے بغیر ممکن نہیں تھا، وفاقی حکومت میں ہوتے ہوئے ہم نے عالمی دنیا اور فنانسرز سے بات کر کے یہ منصوبہ شروع کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ اور گلگت بلتستان میں گلیشیئرز پگھلنے سے جو نقصانات ہوئے، وفاقی حکومت کو چاہیے کہ انہیں بھی سپورٹ کرے، امید رکھتا ہوں صوبائی اور وفاقی حکومتیں متحد ہو کر اس آفت سے نمٹیں گے۔
بھارت کی پانی کے ذریعے دہشتگردی
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب اُن دریاؤں سے آئے ہیں، جو بھارت کی طرف سے پاکستان میں بہتے ہیں، نریندر مودی نے کہا تھا کہ ہم سندھ طاس معاہدے کو نہیں مانیں گے، وہ سندھ طاس معاہدے کو نہیں مان رہے، انہوں نے پاکستان کے ساتھ دریاؤں کا ڈیٹا بروقت شیئر کیا ہوتا تو ہم اس کی قبل از وقت تیاری کرتے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مکمل انفارمیشن پاکستان کے ساتھ شیئر نہیں کرتا، یہ انسانیت کو بھی بھول گئے ہیں، وہ آخری لمحات پر ہمیں بتاتے ہیں کہ اتنا پانی آر ہا ہے، ہم اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بھارت کو مجبور کریں گے یا تو سندھ طاس کو مانے یا پھر دریا واپس کرے، عالمی قوانین کے تحت بھارت پر فرض ہے کہ وہ اس معاہدے کا احترام کرے، بھارت پانی کے ساتھ دہشتگردی کر رہا ہے، یہ ظلم ہم برداشت نہیں کریں گے۔