پاکستان

پاکستان اور چین کے درمیان 4 ارب ڈالر کی زرعی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

چین کی 215 ارب ڈالرکی زرعی درآمدی منڈی میں پاکستان کیلئے مواقع موجود ہیں، پاکستان کم قیمت پر زرعی اجناس فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، وفاقی وزیرِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی

بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان 4 ارب ڈالر کی زرعی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر دیے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیرِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین نے بیجنگ میں چینی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، اس دوران پاکستان و چین کے درمیان زرعی شعبےمیں 4 ارب ڈالر کے 2 درجن ایم اویوز پر دستخط کیے گئے۔

رانا تنویر حسین نے پاکستان کی زرعی برآمدات کو چینی درآمدی منڈی میں شامل کرنےکی پیشکش کرتے ہوئے پاک-چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کو اہم سنگ میل قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ اِن معاہدوں سے زرعی مشینری، بیج اور اسمارٹ ایگریکلچرکی نئی راہیں کھلیں گی، پریسیژن ایگریکلچر سے ڈیٹا پرمبنی پیداوار میں انقلابی اضافہ ممکن ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرعی تعاون پاکستان کے غذائی تحفظ، برآمدی صلاحیت کو دگنا کرےگا۔

رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ چین کی 215 ارب ڈالرکی زرعی درآمدی منڈی میں پاکستان کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں، پاکستان کم قیمت پر زرعی اجناس فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔