پاکستان

بحریہ ٹاؤن، سپر ہائی وے، لیاقت آباد سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش

تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بے نظیر آباد، دادو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان اور دیگر شہروں میں بھی جمعرات تک وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

کراچی میں بحریہ ٹاؤن، سپر ہائی وے، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی اورگلشن حدید سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے نئے سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ہواکاکم دباؤ مزید طاقتور ہوکر ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے جس کے تحت آج سے 11 ستمبر تک کراچی میں درمیانی سے تیز درجےکی بارش ہوگی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں بحریہ ٹاؤن، سپر ہائی وے، لیاقت آباد، ایف بی ایریا اور گلشن حدید سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے نئے سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے۔

محکمہ سمیات کے مطابق یہ بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ جمعرات (11 ستمبر) تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ کے تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بے نظیر آباد، دادو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور جامشورو میں بھی جمعرات تک وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش اور آندھی کے ساتھ گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے۔

اسی طرح لاڑکانہ، شکارپور، کشمور، سکھر، جیکب آباد اور گھوٹکی میں بھی جمعرات تک وقفے وقفے سے بارش کے ساتھ آندھی اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں بعض مقامات پر درمیانی اور کہیں کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق نئے بارشوں کے سلسلے کا آغاز عمرکوٹ، تھرپارکر اور ٹنڈو محمد خان میں ہو چکا ہے۔