پاکستان

کراچی: گھریلو ملازمہ پر تشدد کے کیس میں گرفتار میاں بیوی ضمانت پر رہا

مجھ سے استری کرتے ہوئے باجی کا دوپٹہ جل گیا تھا، جس پر باجی اور ان کے شوہر نے گرم استری سے جلایا اور تشدد کیا، بچی کا پولیس کو بیان

کراچی کی مقامی عدالت نے پی ای سی ایچ ایس میں گھریلو ملازمہ زینب پر تشدد کرنے کے کیس میں گرفتار میاں بیوی کو فی کس 30 ہزار روپے پر ضمانت پر رہا کردیا۔

کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پولیس نے پی ای سی ایچ ایس میں گھریلو ملازمہ زینب کو تشدد کا نشانہ بنانے والے گرفتار میاں بیوی کو پیش کیا۔

مدعی آسیہ نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان نے استری کے دوران دوپٹہ جل جانے پر بچی کو استری سے جلا دیا، بچی کے پیروں اور کمر کو گرم استری سے جلایا گیا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ بچی جناح ہسپتال میں زیر علاج ہے تاہم میڈیکل رپوٹ موصول نہیں ہوئی، فیروز آباد تھانے کی پولیس نے مقدمہ درج کرکے میاں بیوی کو گرفتار کیا تھا۔

پولیس کے مطابق بچی کو بے دردری سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، متاثرہ بچی نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ مجھ سے استری کرتے ہوئے باجی کا دوپٹہ جل گیا تھا، جس پر باجی اور ان کے شوہر نے گرم استری سے جلایا اور تشدد کیا، مالکن نے والدہ کو 31 اگست کو فون کیا کہ زینب کی طبعیت ٹھیک نہیں، ماں سے ملی تو اپنے زخم دکھائے۔

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد 30، 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم میاں بیوی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔