پنجاب اور سندھ میں 24 گھنٹے میں بارشوں اور سیلاب سے مزید 12 افراد جاں بحق، 3 زخمی
بارشوں اور سیلاب سے پنجاب میں 10 اور سندھ میں 2 اموات ہوئیں، 26 جون سے ملک بھر میں جاری بارشوں اور سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 922 تک جاپہنچی، این ڈی ایم اے
پنجاب اور سندھ میں بارشوں اور سیلاب کے دوران 24 گھنٹے میں مزید 12 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے، 26 جون سے ملک بھر میں جاری بارشوں اور سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 922 تک جاپہنچی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تازہ اعداد و شمار جاری کردیے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں بارشوں اور سیلاب سے 12 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، بارشوں اور سیلاب سے پنجاب میں 10 اور سندھ میں 2 اموات ہوئیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے اب تک مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 922 ہوچکی ہے جبکہ اب تک مجموعی طور پر ایک ہزار 47 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ 26 جون سے اب تک ملک بھر میں 4 ہزار 594 ریسکیو آپریشنز کیے گئے۔