اگست میں ترسیلات زر 6.6 فیصد اضافے سے 3.1 ارب ڈالر ریکارڈ
ملک بھر میں اگست کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے سالانہ بنیادوں پر 6.6 فیصد اضافے کے بعد 3 ارب 13 کروڑ 79 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 26-2025 کے ابتدائی دو ماہ (جولائی تا اگست) کے دوران ترسیلات زر کی مد میں 6 ارب 35 کروڑ 24 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، یہ سالانہ بنیادوں 7.0 فیصد اضافہ ہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق اگست میں سب سے زیادہ 73 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں، اسی طرح متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 64 کروڑ 29 لاکھ ڈالر وطن عزیز بھیجے۔
اعداد و شمار سے مزید پتا چلتا ہے کہ اگست کے دوران برطانیہ سے 46 کروڑ 33 لاکھ ڈالر، خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک سے 30 کروڑ 38 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 26 کروڑ 72 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔
اسی طرح ترسیلات زر کی مد میں یورپی یونین سے 43 کروڑ 26 لاکھ ڈالر آئے۔