سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل کے سالانہ ایونٹ کی تیاریاں مکمل، آئی فون 17 پیش کیے جانے کا امکان

ایپل کے سالانہ ایونٹ کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، ایونٹ امریکا کے مقامی وقت کے مطابق 9 ستمبر کی صبح ہوگا۔

اسمارٹ فونز اور کمپیوٹرز بنانے والی امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے سالانہ ایونٹ کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، ایونٹ امریکا کے مقامی وقت کے مطابق 9 ستمبر کی صبح ہوگا۔

ایپل کی جانب سے ہر سال ستمبر میں سالانہ ایونٹ منعقد کیا جاتا ہے، جس میں کمپنی اپنی نئی پروڈکٹس اور آنے والی ٹیکنالوجی کو متعارف کراتی ہے۔

ویب سائٹ ’بزنس انسائیڈر‘ کے مطابق ایپل کی جانب سے 9 ستمبر کو منعقد کیے جانے والے سالانہ ایونٹ میں آئی فون سمیت دیگر آلات پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

اطلاعات ہیں کہ اس بار بھی کمپنی ایونٹ میں آئی فون 17 کے تمام ماڈلز کو پیش کرے گی۔

آئی فون 17 کے حوالےسے چہ مگوئیاں ہیں کہ اس بار آئی فون کے 15 سال مکمل ہونے پر کچھ نئے اور اچھوتے فیچرز کے ساتھ فونز کو پیش کیا جائے گا۔

اطلاعات ہیں کہ اس بار کمپنی آئی فون 17 ایئر کے نام سے ایسا ماڈل بھی متعارف کرائے گی، جس کے بیک پر صرف ایک ہی 48 میگا پکسل کا کیمرا ہوگا۔

علاوہ ازیں مذکورہ ماڈل کے آئی فون کو ماضی میں پیش کیے جانے والے تمام فونز کے مقابلے پتلے ڈیزائن میں پیش کیے جانے بھی امکان ہے۔

اسی طرح چہ مگوئیاں ہیں کہ اس بار آئی فون ایک بار پھر اپنے کیمرا سیٹ اپ ڈیزائن تبدیل کر سکتا ہے۔

علاوہ ازیں اس بار آئی فونز میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سمیت سیکیورٹی کے متعدد نئے فیچرز بھی دیے جانے کا امکان ہے۔