دنیا

پاکستان اور ہانگ کانگ کےدرمیان قانونی تعاون کے فروغ کا معاہدہ

معاہدے کے تحت فریقین قانونی امور میں تعاون کو فروغ دیں گے اور قانونی معالات میں افراد کی تربیت و صلاحیت سازی کے اقدامات کریں گے۔

پاکستان اور ہانگ کانگ کےدرمیان قانونی تعاون کے فروغ کا معاہدہ طے پاگیا، پاکستان کی وزارتِ قانون و انصاف اور ہانگ کانگ کے محکمہ انصاف کے درمیان ہانگ کانگ میں منعقدہ دسویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ کے موقع پر مفاہمتی یادداشتِ پر دستخط کیے گئے۔

معاہدے پر حکومتِ پاکستان کے سیکریٹری وزارتِ قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر اور ہانگ کانگ کے سیکریٹری برائے انصاف پال ٹی کیلام نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت فریقین قانونی امور میں تعاون کو فروغ دیں گے اور قانونی معالات میں افراد کی تربیت و صلاحیت سازی کے اقدامات کریں گے، ہانگ کانگ پاکستان کو کاروباری تنازعات کے حل کے لیے ثالثی اور متبادل حل کے نظام کو فروغ دینے کے لیے تربیت اور تعاون فراہم کرے گا، ڈیجیٹل گورننس اور ورچوئل اثاثوں کی ریگولیشن میں بھی تعاون کیا جائے گا۔

اس معاہدے پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکریٹری وزارتِ قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر اور ہانگ کانگ کے سیکریٹری برائے انصاف پال ٹی کیلام نے دستخط کیے۔

بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے راجہ نعیم اکبر نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے قانونی شعبے میں جدید اصلاحات متعارف کروانے ، ادارہ جاتی اصلاحات اور علم کے تبادلے میں معاون ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت دونوں ممالک کے مابین قانونی اور ریگولیٹری تعاون کو مزید مستحکم کرے گا، پاکستان اور ہانگ کانگ کے قانون و انصاف کے مابین یہ معاہدہ قانونی اصلاحات کے شعبے میں تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔