عمران خان نے دورہ کابل کی ہدایت کی، بلاک پاسپورٹ کے باعث نہیں جاسکتا، علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے دورہ کابل کی ہدایت کی ہے لیکن پاسپورٹ بلاک ہونے کے باعث بیرون ملک نہیں جاسکتا۔
بانی پی ٹی آئی کی افغانستان جانے کی ہدایت مجھے ملی ہے، چونکہ یہ وفاقی حکومت اور وزارت خارجہ کا اختیار ہے اس لیے ہماری ان سے بات ہوئی ہے، انہوں نے افغانستان جرگہ کے حوالے سے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔
ہمارے ایک وفد نے کابل جانے کی تیاری کی ہوئی ہے، اب چونکہ عمران خان نے حکم دیا ہے تو ساتھ میں بھی جاؤں گا، ہمارے جرگے کی سطح پر بھی افغانستان نے مذاکرات چل رہے ہیں لیکن ہوسکتا ہے کہ انفرادی طور پر بھی میں چلا جاؤں۔
صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں یہ بات بتا نہیں رہا تھا مگر اب عمران خان نے کہہ دیا ہے تو بتا دیتا ہوں کہ میرا پاسپورٹ اب تک بلاک ہے۔
انہوں نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’یہ جو آپ لوگ کہتے ہیں کہ میرے تعلقات بہت اچھے ہیں تو آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ میرا پاسپورٹ 9 مئی کو بلاک ہوا ہے اور بطور وزیراعلیٰ بھی میرا پاسپورٹ اب تک بحال نہیں ہوسکا‘۔
مزید کہا کہ میرا پاسپورٹ بند پڑا ہوا ہے اور میں نے پاسپورٹ بنوانے کے لیے جو اپلائی کیا ہوا ہے اس پر کوئی جواب نہیں دیا اور نہ پاسپورٹ بنایا گیا ہے، مگر کوئی بات نہیں، افغانستان تو میں بغیر پاسپورٹ کے بھی جاسکتا ہوں۔
اس سے قبل، اسلام آباد کی سیشن عدالت نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، عدالت نے وکیل کی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔