کھیل

ایک اور قومی کھلاڑی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر نے 2018 میں دبئی کے میدان میں نیوزی لینڈ کے خلاف کریئر کا واحد ٹی20 میچ کھیلا تھا جس میں وہ 1.5 اوورز کرواکر 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وقاص مقصود نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لیے واحد ٹی20 انٹرنیشنل کھیلنے والے 37 سالہ فاسٹ باؤلر وقاص مقصود نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔

لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر نے 2018 میں دبئی کے میدان میں نیوزی لینڈ کے خلاف کریئر کا واحد ٹی20 میچ کھیلا تھا جس میں وہ 1.5 اوورز کرواکر 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے اور قومی ٹیم کو میچ میں بھی کامیابی ملی تھی۔

وقاص مقصود نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی، مجموعی طور پر انہوں نے 20 میچوں میں 27 وکٹیں حاصل کیں۔

9 ستمبر کو قومی ٹیم کے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر عثمان خان شنواری نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

31 سالہ لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر نے دسمبر 2013 سے دسمبر 2019 تک ایک ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 16 ٹی 20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز آصف علی نے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

33 سالہ آصف نے اپنے کیریئر میں زیادہ تر مڈل آرڈر میں فنشر کے طور پر 21 ون ڈے اور 58 ٹی20 میچز کھیلے۔