دنیا

اسرائیل جامع معاہدے، جنگ کے خاتمے، مغویوں کی واپسی اور آگے بڑھنے کیلئے تیار ہے، اسرائیلی صدر

اسرائیل یہی کچھ کرنے کو تیار ہے، اور وہ انتظار پر انتظار کر رہا ہے، اور ہم ہر وقت دیکھتے ہیں کہ وہ (حماس) تجاویز کے ساتھ کس طرح جوڑ توڑ کرتے ہیں، اسحٰق ہرزوگ

اسرائیل کے صدر اسحٰق ہرزوگ نے کہا ہے کہ اسرائیل مکمل معاہدے، جنگ کے خاتمے، مغویوں کی واپسی اور آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔

قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق لندن میں چیتھم ہاؤس تھنک ٹینک میں ایک صحافی کے سوال کے جواب میں اسرائیلی صدر اسحٰق ہرزوگ نے کہا کہ ’اسرائیل یہی کچھ کرنے کو تیار ہے، اور وہ انتظار پر انتظار کر رہا ہے، اور ہم ہر وقت دیکھتے ہیں کہ وہ (حماس) تجاویز کے ساتھ کس طرح جوڑ توڑ کرتے ہیں‘۔

اسحٰق ہرزوگ کے یہ ریمارکس ایسے ایک روز بعد سامنے آئے جب اسرائیل نے دوحہ میں حماس کے وفد پر حملہ کیا، جو مبینہ طور پر امریکا کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی کی تجویز پر بات چیت کے لیے وہاں موجود تھا، اس حملے کی عالمی سطح پر سخت مذمت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے قطر میں حماس کی قیادت پر حملے کو پاکستان میں اسامہ بن لادن کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے امریکی آپریشن سے تشبیہ دیتے ہوئے ہرزہ سرائی کی تھی کہ ’میں قطر اور دہشت گردوں کو پناہ دینے والی تمام اقوام سے کہتا ہوں کہ یا انہیں بے دخل کریں، یا انہیں کٹہرے میں لائیں، کیونکہ اگر آپ نے ایسا نہیں کیا تو ہم ایسا کریں گے‘۔