تباہ کن سیلاب کے باوجود اگست میں گاڑیوں کی فروخت 62 فیصد بڑھ گئی
تباہ کن سیلاب کے باوجود اگست میں گاڑیوں کی صنعت نے بحالی کا مظاہرہ کیا ہے اور کاروں، ایس یو ویز، پک اپس اور وینز کی فروخت 14 ہزار 50 یونٹس رہی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 62 فیصد اور پچھلے مہینے کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ماہانہ بنیاد پر یہ نمو بنیادی طور پر پاک سوزوکی موٹر کمپنی (پی ایس ایم سی) کی مضبوط فروخت سے آئی جبکہ سالانہ بنیاد پر اضافے کی وجہ نسبتاً مستحکم معاشی حالات، نئے ماڈلز کا آنا، کم شرحِ سود، افراطِ زر میں کمی اور صارفین کے بہتر ہوتے جذبات بتائے گئے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی مائشہ سہیل کے مطابق مالی سال 2026 کے پہلے 2 ماہ میں گاڑیوں کی فروخت 25 ہزار 93 یونٹس رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 17 ہزار 288 یونٹس کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہے۔
پاک سوزوکی موٹرز کمپنی نے اگست میں 7 ہزار 154 یونٹس فروخت کرکے سبقت لی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 96 فیصد اور گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 94 فیصد اضافہ ہے، ماہانہ بنیاد پر یہ بڑا اضافہ جون میں فروخت بڑھنے کے بعد آیا، کیونکہ یکم جولائی 2025 کو جی ایس ٹی میں اضافہ نافذ ہونا تھا، مالی سال 2026 کے 2 ماہ کے دوران پاک سوزوکی موٹرز کمپنی کی فروخت 10 ہزار 834 یونٹس رہی، جو سالانہ بنیاد پر 33 فیصد زیادہ ہے۔
ہنڈائی نشاط کی فروخت اگست میں 83 فیصد سالانہ اضافہ اور ایک فیصد ماہانہ کمی کے ساتھ ایک ہزار 212 یونٹس رہی، جس میں ٹکسن اور ایلنٹرا ماڈلز کی مضبوط طلب نے مدد دی، مالی سال 2026 میں جولائی تا اگست اس کی فروخت 95 فیصد بڑھ کر 2 ہزار 437 یونٹس تک پہنچ گئی۔
انڈس موٹر کمپنی نے اگست میں 60 فیصد سالانہ اور 2 فیصد ماہانہ اضافہ کے ساتھ 3 ہزار 400 یونٹس فروخت کیے، مالی سال 2026 میں اس کی فروخت 78 فیصد بڑھ کر 6 ہزار 737 یونٹس رہی۔
ہنڈا اٹلس کارز کو خسارے کا سامنا رہا، اگست میں سالانہ بنیاد پر فروخت میں 7 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 28 فیصد کمی کے ساتھ ایک ہزار 73 یونٹس پر آ گئی، تاہم مالی سال 2026 میں جولائی تا اگست اس کی فروخت سالانہ بنیاد پر 24 فیصد بڑھ کر 2 ہزار 573 یونٹس رہی۔
سازگار انجینئرنگ ورکس نے اگست میں 10 فیصد سالانہ اضافہ لیکن 3 فیصد ماہانہ کمی کے ساتھ ایک ہزار 49 یونٹس فروخت کیے، جن میں نئے لانچ ہونے والے ’ہیوَل ایچ6 پی ایچ ای وی‘ ماڈل کی فروخت بھی شامل ہے، مالی سال 2026 میں اس کی فروخت 2 ہزار 128 یونٹس رہی، جو سال بہ سال 20 فیصد زیادہ ہے۔
2 اور 3 پہیے والی گاڑیوں کی فروخت اگست میں 42 فیصد سالانہ اور 19 فیصد ماہانہ اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 48 ہزار 63 یونٹس رہی، اس طرح مالی سال 2026 میں فروخت 2 لاکھ 73 ہزار یونٹس تک پہنچ گئی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 44 فیصد اضافہ ہے۔
اس کے برعکس، سیلاب اور کمزور زرعی معیشت کے باعث ٹریکٹرز کی فروخت میں نمایاں کمی ہوئی، اگست میں صرف 996 یونٹس فروخت ہوئے، جو سالانہ 63 فیصد اور ماہانہ 17 فیصد کمی ہے، جولائی تا اگست مالی سال 2026 میں فروخت 47 فیصد گر کر 2 ہزار 191 یونٹس رہی۔
ٹرک اور بسوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، اگست میں 666 یونٹس فروخت ہوئے جو سالانہ بنیاد پر 122 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 78 فیصد زیادہ ہیں، اس طرح مالی سال 2026 میں ان کی فروخت ایک ہزار 40 یونٹس تک پہنچ گئی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 71 فیصد اضافہ ہے۔
مائشہ سہیل کا کہنا ہے کہ مالی سال 2026 میں گاڑیوں کی فروخت کا مثبت رجحان جاری رہنے کی توقع ہے، جسے کم شرح سود اور ہائبرڈ اور پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں سمیت نئے ماڈلز کی آمد مزید سہارا دے گی۔