کراچی: سیکیورٹی گارڈ کی مبینہ فائرنگ سے بچہ جاں بحق
شہر قائد کے علاقے منگھوپیر میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایک گارڈ کی مبینہ فائرنگ سے 5 سالہ جاں بحق ہوگیا۔
منگھوپیر پولیس کے ایس ایچ او محمد زبیر نواز نے ڈان کو بتایا کہ تقریباً شام 4:20 بجے بچہ ایان وحید نواز ملک چانڈیو گوٹھ میں اپنے گھر کے باہر گلی میں کھیل رہا تھا کہ اچانک ایک گولی اس کے سینے میں لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ سرکاری واٹر ہائیڈرنٹ کے سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے بچہ جاں بحق ہوا، جبکہ پولیس نے ملزم شاہ زور کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے ایک رائفل برآمد کر لی۔ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے علاقے میں گولی چلنے کی آواز سنی اور جواب میں ایک فائر کر دیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ویسٹ طارق الہی مستوی نے ایک بیان میں کہا کہ قبضے میں لی گئی رائفل کو پولیس کے فرانزک سائنس لیب بھجوا دیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ بچہ جس گولی سے جاں بحق ہوا وہ اسی ہتھیار سے چلائی گئی تھی یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات اور علاقہ مکینوں کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر گارڈ کو حراست میں لیا گیا ہے کیونکہ شبہ ہے کہ اس نے ہی فائرنگ کی تھی، بچے کی میڈیکل رپورٹ اور جامع تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی جبکہ گارڈ سے تفتیش جاری ہے۔