نیپرا نے گوجرانوالہ، سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنیوں پر مجموعی طور پر 25 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ کردیا
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اضافی بجلی بلوں اور لوڈشیڈنگ پر 2 سرکاری بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کےخلاف ایکشن لیتے ہوئے مجموعی طور پر 25 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کردیا۔
نیپرا نے بجلی کمپنیوں پر جرمانے لگانے کے الگ الگ فیصلے جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے اضافی بجلی بلز بھجوانے پر گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو ) پر 20 کروڑ روپے کا جرمانہ کر دیا۔
اسی طرح لوڈشیڈنگ پر سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
نیپرا نے فیصلے میں کہا کہ اضافی بلنگ پر گیپکو کو20 کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا ہے، جبکہ گیپکو کو صارفین سے وصول کردہ اضافی رقم واپس کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
ادھر، نیپرا کے فیصلے کے مطابق نقصانات کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کرنے پر سیپکو پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے، سیپکو 4 اپریل 2024 سے اب تک یومیہ ایک لاکھ جرمانہ جمع کرائے گی۔
نیپرا کا فیصلہ میں کہنا تھا کہ دونوں کمپنیوں پرشوکازکے بعد کارروائی کی گئی۔