سینئر اداکار عشرت عباس انتقال کر گئے
پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے سنہری دور کے معروف اداکار، ریڈیو، ٹی وی، اسٹیج اور فلموں کے ورسٹائل فنکار عشرت عباس خلیل انتقال کر گئے۔
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پیدا ہونے والے عشرت عباس خلیل نے اپنا فنکارانہ سفر تھیٹر سے شروع کیا، جس کے بعد انہوں نے ٹیلی ویژن کا رخ کیا۔
پی ٹی وی کے مشہور ڈراما سیریلز اور اسٹیج ڈراموں میں ان کی قدرتی ڈائلاگ ڈلیوری اور جذباتی گہرائی نے ناظرین کے دلوں میں خاص مقام بنایا،انہوں نے ہندکو، پشتو اور اردو ڈراموں میں کام کیا۔
عشرت عباس ثقافتی پروگراموں میں بھی فعال رہے تھے، خیبر پختونخوا میں پرفارمنگ آرٹس کی ترویج کے لیے بھی وہ ہمیشہ کوشاں رہے۔
عشرت عباس خلیل کو ان کی شاندار فنکارانہ خدمات کے اعتراف میں متعدد ایوارڈز سے نوازا جا چکا تھا، انہیں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
عشرت عباس کے بھائی عمر دراز خلیل بھی ایک مشہور فلم اور ٹی وی اداکار تھے، جن کا انتقال 2016 میں ہوا تھا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق عشرت عباس خلیل زائد العمری میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد انتقال کر گئے۔
عشرت عباس کی نماز جنازہ 13 ستمبر کو 1 پشاور میں ادا کی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی، بعد ازاں مقامی قبرستان میں ان کی تدفین کردی گئی۔
ان کے انتقال پر فنکاروں، ساتھیوں، فینز اور خاندان کے اراکین نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔